کولمبو: سری لنکا کے ایک فاسٹ بولر کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی ہے، بولر شیھان مدوشناکا کو منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے فاسٹ بولر شیھان مدوشناکا کو منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، حکام کا کہنا ہے کہ مدوشناکا کو منشیات رکھنے کے الزام میں حراست میں لے کر جیل بھیجا گیا ہے۔
منشیات کے الزام میں گرفتار 25 سالہ فاسٹ بولر کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تو کیس کی سماعت کے بعد کھلاڑی کو 2 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا، پولیس کے مطابق جب اتوار کو مدوشناکا کو پنالا شہر میں حراست میں لیا گیا تب ان کے پاس 2 گرام سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔
مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ مدوشناکا کو دو روزہ ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا ہے، پیر کے روز لاک ڈاؤن کے دوران ایک گاڑی کو روکا گیا تو اس وقت مدوشناکا کے ساتھ گاڑی میں ایک اور شخص بھی موجود تھا، تلاشی پر ان کے پاس سے ہیروئن برآمد ہو گئی۔
معروف کھلاڑی کو لاک ڈاؤن کی تین بار خلاف ورزی کرنا مہنگا پڑ گیا
واضح رہے کہ 25 سالہ مدوشناكا نے جنوری 2018 میں بنگلا دیش کے خلاف اپنے ڈیبو ون ڈے میچ میں ہیٹ ٹرک کی تھی، مدوشناكا نے اس دوران بنگلا دیش کے خلاف 2 ٹی 20 میچز بھی کھیلے تھے تاہم زخمی ہونے کی وجہ سے اس کے بعد وہ کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیل سکے۔