پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

شکست کے بعد باکسر عامر خان کا اہم فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

مانچسٹر: مانچسٹر ایرینا میں اپنے برطانوی حریف کیل بروک کے ہاتھوں اہم ترین میچ میں شکست کے بعد پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ اب وہ اپنے باکسنگ کیریئر کا فیصلہ خاندان کے ساتھ بیٹھ کر کریں گے۔

باکسر عامر خان نے کیل بروک کے ہاتھوں شکست کے بعد برطانوی شہر مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اب اپنے باکسنگ کیریئرکا فیصلہ اپنے خاندان کے ساتھ بیٹھ کر کروں گا، ایک فیملی والا بندہ ہوں، اپنی فیملی کو وقت دینا چاہتا ہوں۔

عامر خان کا کہنا تھا میں اپنے بچوں کو اسکول لے کر جانا چاہتا ہوں، اور جو پیسے اب تک کمائے ہیں اُنھیں خود پر اب خرچ کرنا چاہتا ہوں۔

لڑائی میں اپنی شکست کا کھل کر اعتراف کرتے ہوئے عامر خان نے کہا ہار کا کوئی جواز پیش نہیں کر سکتا، میری ٹیم نے میری بہترین ٹریننگ کی اور جو ممکن تھا وہ کیا، میں نے پہلے بھی کیل بروک کو فائٹ کرتے دیکھا، مگر آج والی پرفارمنس کی توقع نہیں تھی۔

‘ریٹائرمنٹ نہیں لوں گا، کیل بروک کو ہار کا مزا چکھاؤں گا’

باکسر کا کہنا تھا کیل بروک نے بہت اچھی تیاری کی ہوئی تھی، جو اچھا لڑا وہی جیتا، فینز کو اچھی فائٹ دیکھنے کو ملی، میں ردھم میں نہ آ سکا، بہت کوشش کی لیکن ردھم بن ہی نہ سکا، کسی کو بھی اپنے سوا شکست کا ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتا، کیل بروک نے بہت ہی زیادہ اچھی فائٹ کی۔

دوسری طرف فائٹ میں فتح حاصل کرنے والے برطانوی پروفیشنل باکسر اور عامر خان کے روایتی حریف کیل بروک نے فائٹ جیتنے کے بعد کہا کہ یہ فائٹ ایک لمبے عرصے سے ہونے کی منتظر تھی، عامر خان اچھے باکسر ہیں تب ہی وہ دو بار ورلڈ چیمپئن رہے، لیکن میں اُن سے زیادہ بہتر تھا اس لیے جیت گیا۔

کیل بروک نے کہا لوگ مجھ سے اس مقابلے کے بارے میں پوچھتے تھے کہ کب عامر خان سے مد مقابل ہو گے، مجھے اس فائٹ میں فتح کے حوالے اب لوگ یاد رکھیں گے، عامر خان مجھے بہت آسان حریف لگے، میں پہلے ہی راؤنڈ میں اُن پر حاوی ہو گیا تھا، وہ مجھے بار بار دھکے دے رہے تھے بچنے کے لیے۔

کیل بروک نے بھی کہا کہ میں بھی اب اپنی فیملی کے ساتھ بیٹھ کر اپنے کیریئر کا فیصلہ کروں گا، آج میں خود کو 23 سال کا محسوس کر رہا ہوں۔

اہم ترین

زاہد نور
زاہد نور
زاہد نور اے آر وائے نیوز کے ساتھ مانچسٹر سے بطور نمائندہ خصوصی منسلک ہیں

مزید خبریں