کسی شخص کی زندگی کا وہ لمحہ بلاشبہ ناقابل یقین لمحہ ہو سکتا ہے جب وہ پہلی بار آنکھوں سے کچھ دیکھتا ہے یا کانوں سے پہلی بار کوئی آواز سنتا ہے۔
سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں سماعت سے محروم ایک 15 سالہ لڑکے کو دیکھا جا سکتا ہے، جس نے پہلی بار آواز سنی تو بے اختیار رو پڑا۔
دلوں کو موہ لینے والی اور آنکھیں نم کر دینے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب لڑکے نے اپنے ڈاکٹر کی آواز سنی تو پہلے تو وہ بہت خوش ہوا اور پھر رو پڑا۔
ویڈیو کلپ میں خاتون ڈاکٹر کو لڑکے کے کانوں میں کوکلیئر امپلانٹ میں مائکرو فون لگاتے دکھایا گیا ہے، جیسے ہی وہ سننے کا آلہ لگا دیتی ہیں، لڑکا آواز کو سننے لگتا ہے، اور پھر وہ خوشی سے مغلوب ہو کر پرجوش ہو جاتا ہے، اور پھر اچانک رونے لگتا ہے۔
کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مرد اور ایک خاتون اس کے قریب آ کر اسے گرمجوشی سے گلے لگا رہے ہیں۔
ویڈیو شیئر کرنے والے صارف نے لکھا کہ اس 15 سالہ بچے کو بچپن سے ہی سماعت کا مسئلہ لاحق تھا، آخر کار جب اس نے اپنے ڈاکٹر سے ’ہیلو، آپ کیسے ہیں‘ سنا تو ایک خوب صورت رد عمل کا شکار ہوا۔
This 15-year-old had severe hearing loss since he was a baby. He finally hears "Hi, how are you" from his doctor…. and has the most beautiful reaction. Great news 🇻🇪
— GoodNewsCorrespondent (@GoodNewsCorres1) January 17, 2023
یہ ویڈیو آج بدھ کو شیئر کی گئی ہے اور اب تک اسے 42 ہزار بار دیکھا گیا ہے، اور ڈیڑھ ہزار کے قریب لوگوں نے اسے لائک کیا۔ لڑکے کے بے ساختہ ردعمل نے صارفین کے دلوں کو بھی پگھلا دیا، اور ایک صارف نے لکھا کہ میں صرف سوچ سکتا ہوں کہ یہ اس کے لیے کتنا شان دار ہوگا۔
ایک اور صارف نے لکھا ’’بطور والدین، جب آپ کا بچہ پہلی بار سنتا ہے تو وہاں ہونا کتنا حیرت انگیز ہوگا۔‘‘