ڈھاکا: بنگلہ دیش پریمئیر لیگ 2017 میں کھیلے جانے والے میچ میں شاہد آفریدی کی عمدہ کارکردگی کے باعث ڈھاکا ڈائنا مینٹس نے اگلے مرحلے فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ڈھاکا میں کھیلے جانے والے میچ میں شاہد آفریدی کی جارحانہ 30 رنز کی اننگز کی بدولت اُن کی ٹیم ڈھاکا ڈائنا میٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 192 رنز اسکور کیے۔
ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کرنے والی میلا وکٹورینز کی آدھی ٹیم 55 رنز پر پویلین لوٹ گئی جبکہ 18ویں اوور میں پوری ٹیم صرف 96 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
شاہد آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ، عمدہ کارکردگی دکھانے پر شاہد آفریدی کو مین آف دی میچ دیا گیا۔
کرس گیل کی جارحانہ اننگز
بی پی ایل کا دوسرا میچ کھلنا ٹائٹنز اور رنگپور رائیڈرز کی ٹیموں میں مابین کھیلا گیا جس میں کرس گیل نے 126 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔
کھلنا ٹائٹنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 167 کا ہدف دیا، عارف الحق 29 رنز بنا کر نمایاں جبکہ نکولس پوران 28، کلنگر 21، کارلوس بریتھویٹ 25 اور کپتان محمود اللہ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
رنگپور کی جانب سے مالنگا نے 2 جبکہ سوہاگ عازی، نظم الاسلام، روہیل حسین اور روی بھوپارا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
رنگپور رائیڈرز کی ٹیم نے کرس گیل کی جارحانہ اننگز کی بدولت 16ویں اوور میں ہی 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی فتح اپنے نام کرکے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی، بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بلے باز نے 51 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 14 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
کرس گیل کو عمدہ کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔