بارات لڑکے والے لے کر آتے ہیں اور دلہن کو رخصت کرا کے لے جاتے ہیں لیکن ایک دلہن اپنی بارات خود لے کر لڑکے کے گھر پہنچ گئی۔
برصغیر پاک وہند میں شادی کا نام آتے ہی بارات ذہن میں آتی ہے۔ دولہا اپنے رشتہ داروں کے ساتھ بارات لے کر لڑکی والوں کے ہاں آتا ہے اور اپنی دلہن کو اپنے ساتھ رخصت کراکر لے جاتا ہے۔
تاہم پڑوسی ملک بھارت میں ایک حیرت انگیز شادی ہوئی جس میں دولہا کے بجائے دلہن اپنی بارات لے کر لڑکے کے گھر پہنچی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیو کماری نامی لڑکی اجے کمار گوتم نامی لڑکے سے پیار کرتی تھی۔ تاہم لڑکی والوں نے ان کی شادی کی مخالفت کرتے ہوئے اس کی شادی کسی اور لڑکے سے کر دی۔
رپورٹ کے مطابق لڑکی وہاں تین ماہ بھی نباہ نہ کر پائی اور شوہر سے علیحدگی اختیار کر کے واپس میکے آ گئی۔ شیو کماری کے گھر والوں نے بیٹی کے اصرار پر بالآخر اجے سے اس کی شادی پر رضامندی ظاہر کر دی لیکن یہاں اجے کے گھر والے آڑے آ گئے اور بارات لانے سے انکار کر دیا۔
تاہم لڑکے والوں کی جان پھر بھی نہ بچی کیونکہ شیو کماری اپنے گھر والوں اور رشتہ داروںکے ساتھ بارات لے کر اجے کے گاؤں جا پہنچی، جہاں پھر ان کی شادی کی رسومات ادا کی گئیں۔
اس انوکھی شادی پر سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔