اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

کرونا وائرس، برطانیہ میں میتیں حکومتی اختیار میں دینے کی تیاری

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانوی حکومت کے ایمرجنسی کرونا بل پر مسلم کمیونٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، مسلم کمیونٹی کا کہنا ہے کہ آخری رسومات کے سلسلے میں متوفی کی خواہش کا احترام کیا جانا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ایک ایسا ایمرجنسی کرونا بل لایا جا رہا ہے جس کے تحت میتوں پر حکومت کو خصوصی اختیار مل جائے گا، یہ ایمرجنسی بل 24 مارچ کو پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ڈرافٹ بل میں یہ شق شامل کی گئی ہے کہ دفنانے کی جگہ میسر نہ ہونے یا کولڈ اسٹوریج ختم ہونے کی صورت میں حکومت کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ میت کو جلا دے، دفنا دے یا تلف کر دے۔ بل کے مطابق وبا کو روکنے کے لیے حکومت کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ لواحقین کی خواہش کے خلاف جا کر میت کو تلف کر دے۔ بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پہلے میت کی آخری رسومات لواحقین کی خواہش کے مطابق کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔

بل کے مطابق اگر تدفین کے لیے قبرستان میں جگہ میسر نہ ہوئی تو حکومت کے پاس اس صورت حال میں یہ اختیار ہوگا کہ وہ جو مناسب سمجھے وہ کرے، دوسری طرف میت کے لیے برطانیہ کا موجودہ ایکٹ 1984 اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ لواحقین کی خواہش کا ہر حال میں احترام کیا جائے، موجودہ قانون کے مطابق میت کے ورثا سے مشاورت اور خواہشات کے مطابق ہی آخری رسومات کی جانی چاہیئں، نئے بل کے پاس ہونے سے پرانے قانون کو حکومت بہ وقت ضرورت معطل کر سکتی ہے۔

تاہم مجوزہ حکومتی بل کا ڈرافٹ سامنے آنے پر مسلم کمیونٹی میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، بل کی اِس شِق پر یہودی کمیونٹی نے بھی اعتراض کیا ہے، اس شق کو ختم کروانے کے لیے ایک آن لائن پٹیشن بھی شروع کی گئی ہے، جس پر اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد سائن کر چکے ہیں، پٹیشن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مسلمانوں کو ان کے عقیدے کے مطابق تدفین کرنے دی جائے، اسلام میں میت کو جلانے کی اجازت نہیں ہے، مسلمانوں کے لیے تدفین کے علاوہ کوئی اور آپشن قابل قبول نہیں ہے۔

مسلمان کمیونٹی کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں، مقامی اراکین پارلیمنٹ کو ای میلز کی گئیں، اس سلسلے میں رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے کہا کہ وہ مسلمان کمیونٹی کے تحفظات سے بخوبی آگاہ ہیں، پارلیمنٹ میں اس بل کے حوالے سے کمیونٹی کے تحفظات پیش کروں گی۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس سے برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 233 ہو گئی ہے جب کہ 5,018 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

اہم ترین

زاہد نور
زاہد نور
زاہد نور اے آر وائے نیوز کے ساتھ مانچسٹر سے بطور نمائندہ خصوصی منسلک ہیں

مزید خبریں