راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی سیکرٹری دفاع اسٹیفن لوگروو نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی تعلقات اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقار عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی سیکریٹری دفاع اسٹیفن لوگروو نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کےامور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی سیکریٹری دفاع اسٹیفن لوگروو نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان کا مثبت کردار قابل قدر ہے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے تناظر میں گزشتہ دنوں وزیرِ اعظم عمران خان اور برطانوی وزیر اعظم تھریسامے میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
مزید پڑھیں : وزیرِ اعظم عمران خان اور برطانوی وزیر اعظم تھریسامے میں ٹیلی فونک رابطہ
پاک برطانیہ وزرائے اعظم کے مابین فون پر دونوں رہنماؤں نے پلوامہ حملے کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں تفصیلی گفتگو کی، وزیر اعظم تھریسامے نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔
عمران خان نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر برطانوی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا، برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کی تعریف کی۔