اسلام آباد : وزارت قوم صحت نے وزارت خزانہ کو سگریٹ ڈبیہ مہنگی کرنے کی تجویز ارسال کر دی، جس میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں سگریٹ پیکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں بارہ روپے اضافہ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزارت قومی صحت کی جانب سے وزارت خزانہ کو بجٹ 2017-18 سے متعلق بھجوائے گئے مراسلے میں تجویز دی گئی ہے کہ حکومت فی سگریٹ پیکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں بارہ روپے دو پیسے اضافہ کرے ۔
وزارت خزانہ کو تجویز دی گئی ہے کہ سگریٹ پیکٹ پر ایف ای ڈی کی موجودہ شرح 32روپے 98پیسے کو بڑھا کر 44 روپے کیا جائے، تمباکو مصنوعات پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے سے آمدن میں ساڑھے انتالیس ارب روپے سالانہ اضافہ ہوگا۔
مزید پڑھیں : آئندہ بجٹ، سرکاری ملازمین کو اوور ٹائم دینے اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں اضافے کا امکان
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومت تمباکو مصنوعات کی ٹیکس محصولات کا دو فیصد ملک میں تمباکو نوشی سے ہونے والی بیماریوں کے علاج پر خرچ کرے، ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے سے ملک میں تمباکو نوشی میں تیرہ فیصد کمی آئیگی۔
وزارت قومی صحت کی جانب سے یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ حکومت صدر پاکستان و آزاد کشمیر ،چاروں گورنرز اور انکے خاندان کے افراد اور مہمانوں سمیت پاکستان نیوی کو تمباکو کی مصنوعات پر د ی جانے والی ٹیکس چھوٹ کا فوری خاتمہ کر ے۔