اشتہار

سر پر انعام والے مخالف ملزم کو قتل کے لیے جانے والا بلیدی گینگ گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سی آئی اے کے اسپیشل انوسیٹگیشن یونٹ نے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں سر پر انعام والے مخالف ملزم کو قتل کے لیے جانے والے بلیدی گینگ کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس آئی یو، سی آئی اے نے خفیہ اطلاع پر بدنام زمانہ بلیدی ڈکیت گینگ کے 4 ارکان کو اسلحہ اور دو موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار کر لیا، گینگ کے ارکان گلاب چانڈیو نامی ملزم کو مارنے جا رہے تھے جس کے سر پر انعام مقرر ہے۔

گرفتار ڈکیت گینگ کے ارکان میں سجن خان بلیدی ولد قربان علی بلیدی، کامران علی بلیدی ولد بخشل خان بلیدی، غلام یاسین بلیدی ولد مولا بخش بلیدی، اور ہمت علی بلیدی ولد قربان علی بلیدی شامل ہیں۔

- Advertisement -

ایس آئی یو، سی آئی اے کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ بلیدی گینگ اپنے مخالف گلاب چانڈیو نامی ملزم کو قتل کرنے کی نیت سے جا رہے ہیں، جس پر بلیدی گینگ کے خاندان کی دو خواتین کو قتل کرنے کا الزام ہے، اور اس کے سر پر انعام بھی رکھا گیا ہے۔

اطلاع پر ایس آئی یو نے کارروائی کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو سروس روڈ، سمیرا گارڈن، سیکٹر D-5، سرجانی ٹاؤن سے گرفتار کر لیا، ملزمان سے 4 عدد پستول 30 بور مع راؤنڈز اور دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔

ڈی آئی جی شرجیل کھرل کے مطابق گرفتار گینگ ممبران خطرناک اور عادی جرائم پیشہ ہیں، جو پہلے بھی ضلع سکھر، شکارپور، لاڑکانہ اور کراچی میں قتل، پولیس مقابلہ، ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں گرفتار ہو چکے ہیں۔

ملزم سجن خان تھانہ جھانگڑو ضلع سکھر میں اغوا کے بعد قتل اور ناجائز اسلحہ، ضلع شکارپور میں تھانہ کرن شریف اسٹور گنج میں پولیس مقابلہ، ڈکیتی اور ناجائز اسلحے کے مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔ ملزم غلام یاسین تھانہ سہراب گوٹھ کراچی میں پولیس مقابلہ اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔ جب کہ ملزم کامران تھانہ مارکیٹ ضلع لاڑکانہ میں پولیس مقابلے میں اور ملزم ہمت علی سال 2020 میں ایس آئی یو میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ناجائز اسلحے کی برآمدگی پر ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر دیے گئے ہیں، ملزمان نے سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی و دیگر علاقوں میں متعدد وارداتوں کا بھی اعتراف کر لیا ہے، جب کہ ان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

Comments

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں