ملتان : بوسن روڈ پر زیرتعمیر پلازا کا ایک حصہ گرنے سے دو مزدور جاں بحق اور 8زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں بوسن روڈ پر واقع زیر تعمیر پلازا کی چھت گر پڑی، ملبے تلے متعدد مزدور دب گئے، دو مزدور جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے جنہیں نکال کر نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے، ڈی سی او اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے 5 مزدوروں کو ملبے سے نکال کر نشتر اسپتال منتقل کردیا ہے، راستے کی تنگی کے باعث بھاری مشینری کو پہنچنے میں دقت پیش آرہی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھاری مشینری کے نہ پہنچنے کے باعث 1122 کے اہلکار اور مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت ملبے کو ہاتھوں سے اُٹھانے میں مصروف ہیں جب کہ چاروں طرف مٹی کے دھوئیں کے بادل چھا گئے ہیں جسں کے باعث امدادی کارکنوں کو دشواری پیش آرہی ہے جب کہ مشینری کو پہنچنے میں مزید 30 سے 35 منٹ لگ سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق زیر تعمیر پلازا میں دکانیں بھی تھیں جہاں چند خاندان خریداری بھی کر رہے تھے اس لیے خدشہ ہے کہ ملبے تلے دبے افراد میں مزدوروں کے علاوہ خریداری کرنے والے خاندان بھی موجود ہیں۔
ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر پلازا کا ایک بالائی حصہ کسی بھی وقت گر سکتا ہے جسے بھاری مشینری کے ذریعے ہی محفوظ طریقے سے نیچے گرایا جاسکتا ہے ان تمام مشکلات کے باوجود امدادی کارکن اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عمارت گرنے کے فوری بعد کے مناظر ایک موبائل فون نے اپنے ویڈیو کیمرے میں محفوظ کرلیے جسے اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا۔
اسی دوران سول ڈیفنس کے اہل کاروں اور پولیس کے درمیان جھگڑا ہوگیا اور بات گالم گلوچ کے ساتھ ہاتھا پائی تک جا پہنچی، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سول ڈیفنس کے لوگ وہاں آگے بڑھ کر کام کرنا چاہ رہے تھے، انہیں حکم تھا کہ وہ آگے جا کر لوگوں کو نکالیں تاہم پولیس اہلکاروں نے انہیں آگے جانے سے روک دیا اور مزاحمت پر ان پر تشدد کیا جو ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگیا۔