کراچی : رواں ماہ کے چوتھے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے، پاکستان ادارہ شماریات نے رواں ماہ کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق رواں ماہ اگست کے تیسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں 0.23 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگست کے تیسرے ہفتے مہنگائی میں 0.14 فیصد کمی ہوئی، مہنگائی کی شرح 8.39فیصدتک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتےمیں12اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتےمیں 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ8 ہفتے کے بعد پہلی بار چینی سستی ہوئی، ایک ہفتے میں چینی 96 پیسے فی کلو سستی ہوئی، چینی کی اوسط قیمت96.07 سے95.11 روپے فی کلو ہوگئی۔
اس کے علاوہ ٹماٹر، پیاز، چاول، گڑ، خوردنی تیل اور خشک دودھ مہنگے ہوئے، دال مسور، دال ماش،دال چنااور دال مونگ کی قیمت میں اضافہ ہوا جبکہ زندہ چکن 10روپے اور آٹے کا20کلو کا تھیلا4روپے سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق کیلے، انڈے،دودھ، دہی اور لہسن بھی سستے ہوئے، مٹن، باسمتی چاول، ملبوسات، بجلی اور گیس کے نرخ برقرار رہے۔