پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے لیجنڈری اداکار جاوید شیخ سے شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
حال ہی میں اداکارہ بشریٰ انصاری اور جاوید شیخ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی ہے، جس کی ایک کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے جس میں اداکارہ نے خود کو جاوید شیخ کے ساتھ شادی سے متعلق ملنے والے مشورے کا انکشاف کیا۔
بشریٰ انصاری نے ماضی کی یاد تازہ کردی
شو کے دوران اداکارہ کے لیے جاوید شیخ نے کہا کہ مجھے تو بشریٰ انصاری بہت پیاری لگتی ہیں، اس کے جواب میں اداکارہ بشریٰ نے بتایا کہ جاوید مجھ سے بہت لاڈ پیار کرتے ہیں، یہ سیٹ پر بھی اکثر میرے ساتھ لاڈ کرتے رہتے ہیں۔
اداکارہ بشریٰ انصاری نے ماضی کا ایک قصہ سناتے ہوئے انکشاف کیا کہ مرحوم اداکار قاضی واجد نے مجھے جاوید شیخ کے ساتھ شادی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
بشریٰ انصاری نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ جب میں نے اپنے پہلے شوہر سے علیحدگی اختیار کر رکھی تھی تو اس دوران مجھے ایک دن قاضی واجد نے خاموشی سے کہا کہ میں جاوید شیخ سے شادی کر لوں، قاضی واجد نے مجھے کہا کہ جاوید شیخ کے ساتھ میری جوڑی اچھی لگے گی۔
انہوں نے بتایا کہ قاضی واجد کے اس مشورے پر میری ہنسی چھوٹ گئی تھی جس پر قاضی واجد نے مجھے بدتمیز کہا تھا، اور میں نے یہ مشورہ جاوید کے ساتھ بھی شیئر کیا تھا، میری بات سن کر جاوید شیخ بھی ہنس پڑے تھے۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈراموں سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، انہوں نے معین اختر کے ساتھ بھی کئی ڈراموں میں کام کیا۔