اسلام آباد: بھارتی قیادت کے رویے اور بھارتی آرمی چیف کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کے باعث تاجر برادری نے بھارتی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے بھارتی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی قیادت نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی وزراء خارجہ سطح پر بات چیت کا عمل شروع کرنے کی پیشکش قبول کر نے کے بعد اس سے انکار کرکے پاکستانی تاجر برادری کومایوس کیا ہے۔
صدر شیخ عامر وحید کا کہنا تھا کہ انڈین قیادت کے اس نامناسب رویے کی وجہ سے تاجر برادری نے انڈین مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ بائیکاٹ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک انڈین قیادت پاکستان کے بارے میں اپنا نامناسب رویہ تبدیل نہیں کرتی۔
شیخ عامر وحید نے کہا کہ ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان 37ارب ڈالر سالانہ تجارت کی صلاحیت موجود ہے لیکن بھارتی قیادت کا پاکستان کے ساتھ سیاسی کشیدگی برقرار رکھنے کا رویہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے تاکہ باہمی تجارت ترقی کرے اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو لیکن بدقسمی سے ہمار ے ہمسائے کی سیاسی و عسکری قیادت دور اندیشی سے عاری نظر آتی ہے۔
یاد رہے یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو خط لکھا تھا جس میں مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ تنازع کشمیراور دہشت گردی سمیت تمام مسائل بات چیت سے حل کرنا ہوں گے۔
جس کے بعد بھارت نے پہلے حامی مذاکرات کے لئے حامی بھری اور بعد میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ہونے والی ملاقات سے انکار کردیا تھا، بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا پاک بھارت وزارائے خارجہ ملاقات نہیں ہوگی۔