کراچی : یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے حکومت کی جانب سے ٹیکس دھندگان کے آڈٹ کے عمل کو ایک ماہ تک روکنے اوراس ضمن میں تاجروں سے مشاورت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔
یو بی جی کے زونل چیئرمین نسیم الرحمان نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشاد کی جانب سے ٹیکس گزاروں پر بوجھ بڑھانے کے بجائے ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان بھی حوصلہ افراء ہے جو موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ برامدکنندگان کو 65 ارب روپے کے ریفنڈ ادا کئے جا چکے ہیں اور باقی ماندہ ریفنڈ بھی فوری طور پر اداکئے جائیں تاکہ برامدی شعبہ اپنی پوری استعداد کے مطابق کام کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ 180 ارب روپے کے پیکیج سے صورتحال بہتر ہو رہی ہے جبکہ کاروباری برادری قابل عمل بجٹ سفارشات تیار کر رہی ہے ، جن پر عمل درامد سے ملکی ترقی کی رفتار بڑھے گی۔