کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس پہلے ہی بند کرنے پر پولنگ ایجنٹوں نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہو گیا ہے، تاہم یو سی 13 نیو کراچی ٹاؤن نیو رشید آباد میں پولنگ عملے اور ایجنٹس میں تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
الیکشن عملے نے بیلٹ باکس 8 بجے سے پہلے ہی بند کر دیے، ڈبے دکھائے بغیر بند کرنے پر سیاسی جماعتوں کی خواتین پولنگ ایجنٹس نے احتجاج کیا، اور اس دوران پولنگ عملے کے ساتھ ان کی شدید تلخ کلامی ہوئی، بعد ازاں ہاتھا پائی میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولنگ عملے کی جانب سے ایجنٹوں کو ڈبے نہ دکھانے پر پولنگ اسٹیشن کے باہر صورت حال کشیدہ ہو گئی، سیاسی جماعتوں کے کارکنان بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشن کے باہر پہنچ کر جمع ہو گئے۔
کراچی کا میئر کون؟ فیصلہ 11 یوسیز کریں گی، ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ شروع
پولنگ ایجنٹوں نے الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ سندھ کی مخصوص سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچا رہا ہے، کشیدہ صورت حال کو قابو کرنے کے لیے پولیس بھی پہنچ گئی۔