کراچی : سول ایوی ایشن کی جانب سے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر علاقائی پروازوں کی بندش میں مزید 16 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس کی مہلک ترین اور جان لیوا وبا پر قابو پانے کےلیے علاقائی اور بیرون ملک پروازوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم پی آئی اے حکام کی جانب سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو ریسکیو کرنے کےلیے خصوصی پروازیں چلائی جاری ہیں۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹم میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے علاقائی پروازوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ڈومیسٹک پروازوں کی بندش میں مزید 16 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر ائر ٹرانسپورٹ نے پروازوں کی مزید بندش کا باضابطہ نوٹم جاری کردیا، نوٹم کے مطابق ڈومیسٹک پروازیں 29 مئی رات 11 بجکر 59 منٹ تک بند رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: اندرون و بیرون ملک پروازوں پر پابندی میں مزید توسیع
نوٹم میں کہا گیا ہے کہ 13 مئی تک ڈومیسٹک پروازوں پر پہلے ہی پابندی عائد تھی جس میں مزید 16 دن کی توسیع کی گئی ہے، تاہم خصوصی، چارٹرڈ اور کارگو پروازیں مخصوص اجازت نامہ کے ساتھ آپریٹ کی جائیں گی۔۔