کراچی:سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کو کھانا نہ پیش کرنے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرلائنز کھانا نہ دینے پر وجوہات سے مطلع کریں۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کوروناسےمتعلق ایئرلائنز کی جانب سے خلاف ورزی پرنوٹس لیتے ہوئے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے، جس میں ایئرلائنز کی جانب سے مسافروں کو کھانا نہ پیش کرنے پرتشویش کا اظہار کیا گیا۔
سی اے اے کا کہنا تھا کہ اندرون ملک پروازوں میں پیک کھانے کی اجازت دی گئی تھی، مسافروں کو غلط معلومات فراہم کرناسنجیدہ معاملہ ہے ، ایئرلائن آپریٹرز اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کو کھانا دیں، یا مسافروں کو کھانا نہ دینے پر اپنی وجوہات سے مطلع کریں۔
یاد رہے گذشتہ ماہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 20 جولائی سے 31 اکتوبر تک نئے ایس او پیز جاری کئے تھے ، جس میں کہا گیا تھا کہ اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو پیکڈ کھانا دینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ایس او پیز کے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ کھانے پینے کی پیکڈ اشیا دوران پرواز مسافروں کو پیش کی جا سکتی ہیں، مسافروں کے لیے سینیٹائزر کا بندوست ایئر لائن کے ذمہ ہوگا، دوران پرواز ماسک لازمی پہنا جائے گا۔