اسلام آباد: کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی بولی مسترد کرنے کی سفارش منظور کرلی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے دی گئی بولی مسترد کرنے کی سفارش منظور کرلی۔
کابینہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نجکاری یا بین الحکومتی جی ٹو جی طریقہ کار کے ذریعے فروخت ہوگی۔
نجکاری کمیٹی نے ایوی ایشن ڈویژن سے پی آئی اے کی مالی صحت کے جائزہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بلیو ورلڈ نے پی آئی اے کے 60 فیصد حصص کی خریداری کے لیے 10 ارب کی بولی دی تھی۔
علاوہ ازیں روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے لیے وزیر مملکت برائے مالیات کی زیر نگرانی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے ممکنہ لین دین کے آپشنز کا جائزہ لے گی۔
کمیٹی دستیاب قانونی پہلوؤں کی روشنی میں موزوں طریقہ کار تجویز کرے گی، نجکاری کمیٹی نے ہدایت دی کہ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی فروخت کے معاہدے سے متعلق معاملات کو حل کیا جائے۔
کابینہ کمیٹی حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ اجلاس سے قبل معاہدے کو حتمی شکل دی جائے۔