اسلام آباد : وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ نےمشترکہ مفادات کونسل سیکریٹریٹ کےقیام اور ایران سے گیس خریداری کے معاہدے میں ترمیم کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آج وزیر اعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ اورافغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق پالیسی سمیت تئیس نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی، ملک کی تعمیر اور ترقی ، پاک چین اقتصادی راہداری اور ملک کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے شرکاء کو بریفنگ بھی دی گئی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کی تجویز پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظورکر لیا گیا جب کہ اجلاس میں ایران سے گیس خریداری کے معاہدے میں ترمیم کی بھی منظور دی گئی۔