اتوار, جون 16, 2024
اشتہار

نریندر مودی کو قتل کرنے کی دھمکی، حکام کی دوڑیں لگ گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: لوک سبھا الیکشن 2024 کے دوران بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو نامعلوم شخص کی جانب سے قتل کرنے کی دھمکی موصول ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چنئی میں واقع قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے دفتر میں نامعلوم شخص نے کال کر کے نریندر مودی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

این آئی اے نے دھمکی ملنے کے فوراً بعد چنئی پولیس سے رابطہ کیا۔ پولیس فون نمبر کو ٹریس کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

- Advertisement -

دھمکی آمیز کال صبح 9 بج کر 30 منٹ پر موصول ہوئی جو ممکنہ طور پر ریاست مدھیہ پردیش سے کی گئی۔ این آئی اے نے مدھیہ پردیش کی پولیس کو بھی مطلع کر دیا۔

یہ پہلی بار نہیں بلکہ گزشتہ سال جولائی میں بھی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو قتل کرنے کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔

اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک بے روزگار نوجوان نے نشے کی حالت میں اپنے موبائل فون سے ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر ملایا اور پولیس کو مغلظات بکی تھیں۔

پولیس کو دھمکی دیتے ہوئے نوجوان نے کہا تھا کہ اگر مجھے کوئی اچھی نوکری نہ ملی تو میں وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کو قتل کر دوں گا۔

نوجوان کی دھمکی پر نہ صرف پولیس حکام دوڑیں لگ گئی تھیں بلکہ خفیہ اداروں میں بھی کھلبلی مچ گئی تھی۔ پولیس نے نمبر کی معلومات حاصل کرنے کے بعد نوجوان کا سراغ لگایا تھا۔

ملزم کی شناخت 26 سالہ دنیش مشرا کے نام سے ہوئی تھی جسے پولیس نے ضلع دیوریا سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم نے گریجویٹ کر رکھا ہے تاہم پینٹر کا کام کر کے زندگی گزار رہا ہے۔

پولیس نے بتایا تھا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزم نے نشے کی حالت میں دلبرداشتہ ہو کر ایمرجنسی نمبر پر کال کی۔ حکام نے بتایا تھا کہ دنیش مشرا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں