ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

سعودی تاریخ میں پہلی بار بل فائٹنگ کی طرز پر اونٹوں سے مقابلے کا انعقاد

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار اونٹوں کو لڑانے کے مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں شاہ عبدالعزیز کیمل میلے کے موقع پر بل فائٹنگ کی طرح اونٹوں سے لڑائی کا انتظام کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ہونے والے شاہ عبدالعزیز کیمل میلے کے موقع پر اس بار اونٹوں کے لڑانے کا مقابلہ منعقد کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ میلہ پوری دنیا میں اونٹوں کے شائقین کے لیے سب سے بڑا میلہ ہے۔

اس ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ سعودی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا مقابلہ ہے جس کا انتظام شاہ عبدالعزیز کیمل میلے کی انتظامیہ نے شائقین کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

اونٹ لڑائی کے مقابلے کیلئے مخصوص طریقہ اختیار کیا گیا ہے جس کے مطابق ایک شخص کو اونٹ کے اکھاڑے میں بھیجا جاتا ہے، مقابلہ کا دورانیہ ایک منٹ ہے جس میں مقابلہ کرنے والا دوسالہ اونٹ سے ٹکر لیتا ہے ا۔

اگر مذکورہ شخص مقررہ وقت میں اونٹ کو گرانے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو وہ اونٹ اس کی ملکیت میں آجائے گا اور دوسری صورت میں اونٹ کو گرانے میں ناکامی پر وہ شخص مقابلے سے باہر ہوجائے گا۔

جس کے بعد دوسرے شخص کو مقابلہ کرنے کیلئے مدعو کیا جائے گا جسے 25سیکنڈ کا وقت دیا جائے گا، اگر وہ شخص اس چیلنج پر پورا اترتا ہے تو بڑے ایوارڈ کا حقدار بن جائے گا۔

واضح رہے کہ اسپین میں بیلوں کے درمیان مقابلے نہایت زور وشور سے منعقد کیے جاتے ہیں، جس میں مشتعل بھینسے کے سامنے آکر اس کے حملے سے بچتے ہوئے اسے زیر کیا جاتا ہے لیکن اس بار سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا انوکھا مقابلہ ہورہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں