اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے لیے انتخابی مہم کی ڈیڈ لائن جاری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں چلائی جانے والی انتخابی مہم کا وقت یکم اور 2 مارچ کی درمیانی شب ختم ہو جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ سیاسی جماعتیں ضابطہ اخلاق کی پاس داری کریں، کوئی سیاسی جماعت اور امیدوار مرکز اور صوبوں میں جلسے نہیں کر سکیں گے، پولنگ کے وقت سے 48گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم ہو جائے گی۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن نے ایوان بالا کے انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی عمل مذہبی تعصب اور ملکی نظریے کے خلاف نہ ہو، سیاسی جماعتیں، امیدوار، ووٹرز اور الیکشن ایجنٹس مخصوص رائے کی تشہیر نہیں کریں گے اور ملکی سالمیت اور پارلیمان کی بالادستی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔
سینیٹ انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ
ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار، پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز کسی بھی غیر قانونی سرگرمی اور کرپشن میں ملوث نہیں ہوں گے، صدر مملکت اور تمام صوبوں کے گورنر کسی انتخابی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے۔
سینیٹ ویڈیواسکینڈل پر ایکشن: ویڈیو میں نظر آنیوالے ممبران اسمبلی کو نوٹسز جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ووٹ کی تصویر بنانے والا کوئی بھی آلہ پولنگ اسٹیشن میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔