اتوار, جولائی 7, 2024
اشتہار

کیپٹن کرنل شیرخان کے یومِ شہادت پر پاک فوج کا خراجِ عقیدت

اشتہار

حیرت انگیز

معرکہ کارگل میں دشمن کے دانت کھٹے کرنے والے قومی ہیرو کیپٹن کرنل شیرخان شہید کا 25 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔

کیپٹن کرنل شیر خان شہید یکم جنوری 1970 کو پاکستان کے صوبہ سرحد کے ضلع صوابی کے ایک گاؤں نواں کلی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1999 میں بھارت کے خلاف کارگل کے معرکے میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے پاک فوج کا اعلی ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر حاصل کیا۔

کیپٹن کرنل شیر خان نے 14 اکتوبر 1994 میں پاک فوج میں شمولیت اختیارکی تھی۔ شیر خان شہید نے کارگل کی جنگ میں بے پناہ بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے دانت کھٹے کردیے۔

- Advertisement -

انہوں نے اپنے مٹھی بھر جوانوں کے ہمراہ گلتیری کے مقام پر17000 فٹ کی بلندی پردفاعی نوعیت کے پانچ انتہائی اہم مورچے قائم کیے اورپھرانتہائی جانفشانی سے ان کا دفاع کرتے رہے۔

بھارتی افواج نے کئی ناکام کوششوں کے بعد 5 جولائی 1999 کو دو بٹالین اور بھاری توپ خانے کے ہمراہ حملہ کیا اور ان کے ایک مورچے کے کچھ حصے پر قبضہ کرلیا۔ انتہائی بھاری گولہ باری کے باوجود شیر خان نے جوابی حملہ کیا اور اپنے مورچے کی قبضہ شدہ جگہ واپس چھین لی اور اسی جدوجہد میں ایک مشین گن کی گولیوں کی زد میں آگئے اور جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن کرنل شیرخان شہید نشان حیدر کی 25ویں برسی پر افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسزچیفس نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کیپٹن کرنل شیرخان کی مثالی قیادت ہرقیمت پروطن کےدفاع کی ترغیب دیتی ہے۔

Comments

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں