کراچی : ڈیفنس میں کار سوار نے راستہ نہ دینے پر موٹرسائیکل سوارکوبیس بال کےبیٹ مار کر لہولہان کردیا، زخمی شخص کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ موقع پر موجود شہریوں نے کارسوارکوپکڑکر پولیس کے حوالےکر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں معمولی تنازع پر کار سوار نے موٹرسائیکل سوار کو زخمی کردیا، کارسوار نے بیس بال بیٹ سے موٹرسائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
ڈیفنس پولیس اطلاع ملتےہی موقع پر پہنچ گئی اور زخمی شخص کوبے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کردیاگیا ہے جبکہ موقع پر موجود شہریوں نے کار سوار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کرنے والے شہری کا نام فاروق ہے ، کیمیکل کا کام کرتا ہے، مبینہ طور پر موٹر سائیکل سوار کے راستہ نہ دینے پر تلخ کلامی ہوئی۔
موٹرسائیکل سوارپرتشددکرنےوالےشخص فاروق نے اپنے مؤقف میں کہا کہ میں گاڑی میں تھا اور سامنے والی موٹر سائیکل سے راستہ مانگ رہا تھا، بائیں جانب سے گاڑی نکال رہا تھا تو اس نے راستہ روک لیا، ایسے وقت میں مجھے لگا کہ شاید کوئی لوٹ مارکرنے آرہا ہے ، میں نے اپنے ذاتی حفاظت کے لیے رکھا ہوا بیس بال بیٹ نکال لیا۔
شہری فاروق کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتہ تھا اس وقت صورتحال ہے کیا، اس کے بعد موٹرسائیکل سوارنےمجھ پر حملےکی کوشش کی، مارنے کے دوران اندازہ نہیں ہوا لیکن افسوس ہے اسے زیادہ لگی، واقعہ خود کو بچانے کی کوشش کےدوران پیش آیا۔