اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں امراض قلب کا جدید اسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی پی گلگت بلتستان کے پارلیمانی و تنظیمی وفد نے اسلام آباد میں شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے، جس میں نیئر بخاری، صدر پی پی گلگت بلتستان، اراکین جی بی اسمبلی و کونسل شریک ہوئے۔
ملاقات میں جی بی میں صحت کے مسائل زیر بحث آئے، آصف زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں امراض قلب کا جدید اسپتال بنایا جائے گا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحت کے بے پناہ مسائل ہیں، کارڈیک اسپتال پی پی قیادت کا گلگت بلتستان عوام کے لیے تحفہ ہوگا۔
انھوں نے کہا گلگت بلتستان میں دل کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، ہم جی بی کو آئینی حقوق کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔