اسلام آباد: کابینہ کمیٹی بین الحکومتی کمرشل ٹرانزیکشنز تشکیل دے دی گئی جس کے بعد نگران حکومت کو دیگر ممالک کیساتھ معاہدوں پر مذاکرات کے اختیارات مل گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی منثری کے بعد کابینہ کمیٹی بین الحکومتی کمرشل ٹرانزیکشنز تشکیل دے دی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق وزیر خزانہ کو کابینہ کمیٹی بین الحکومتی کمرشل ٹرانزیکشنز کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر ممالک کیساتھ حکومتی سطح پر معاہدوں پر مذاکرات کمیٹی کے ٹی او آرز بھی جاری کردئیے گئے۔
اس کے علاقہ کابینہ کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) بھی طے کردئیے گئے، ٹی او آرز کے مطابق جی ٹو جی معاہدوں کے لئے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی جاسکے گی، کمیٹی کو کمرشل ٹرانزیکشنز پر فوری عمل کیلئے ضروری فیصلوں کا اختیار ہوگا تاہم کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری وفاقی کابینہ سے ہی لینا ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ کمیٹی بین الحکومتی کمرشل ٹرانزیکشنز میں وزیر تجارت، صنعت وپیداوار شامل ہیں جبکہ مواصلات، پاور اینڈ پیٹرولیم، قانون کے وزرا کمیٹی ارکان کا حصہ ہونگے۔