اسلام آباد : نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ مجھے کوئی اطلاعات نہیں ملیں کہ صحافی عمران ریاض کہاں ہیں؟ لیکن اب معلوم کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے پروگرام ’خبر مہربخاری کےساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے صحافی عمران ریاض کے حوالے سےسوال پر جواب دیتے ہوئے بتایا مجھےکوئی اطلاعات نہیں ملیں کہ صحافی عمران ریاض کہاں ہیں، صحافی عمران ریاض سےمتعلق میرےپاس کوئی معلومات نہیں۔
نگراں وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ آئی جی نے میرے خیال سےعدالت میں بیان دیا تھا، صحافی عمران ریاض کامجھےنہیں معلوم تھا لیکن اب معلوم کروں گا۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ سننے میں آرہا تھا عمران ریاض کی فیملی بھی کہہ رہی تھی کہ وہ لاپتہ ہے ،پولیس سمیت کوئی بھی ادارہ کسی کو اتنے عرصے کیلئے غائب نہیں رکھ سکتا۔
سانحہ جڑانوالہ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سانحہ جڑانوالہ سےمتعلق پہلےدن سےسازش کی بوآرہی تھی،آئی جی نےبھارتی خفیہ ایجنسی پرالزامات لگائےہیں تو یقیناً ثبوت ہوں گے۔