تازہ ترین

فرخ حبیب اور ساتھیوں پر شیخوپورہ میں مقدمہ درج

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب اور ساتھیوں پر ضلع شیخوپورہ کے تھانہ فیروز والا میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فرخ حبیب اور ساتھیوں پر پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں 395، 353، 186، 341، 225، 148 اور 149 کی دفعات شامل ہیں۔

درج مقدمے میں پولیس نے بتایا کہ فرخ حبیب نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ہم سے ڈکیتی کی کوشش کی، انہوں نے کار سرکار میں مداخلت اور نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

متن کے مطابق ملزمان نے سرکاری اسلحہ، گاڑی اور وائرلیس چھیننے کی کوشش کی ساتھ ہی گرفتار ملزم فواد چوہدری کو بھی چھڑانے کی کوشش کی، انہوں نے پولیس اہلکاروں کی وردیاں بھی پھاڑیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی قیادت سابق ایم این اے فرخ حبیب اور شکیل وڑائچ کر رہے تھے، ملزمان آتشی اسلحہ سے لیس تھے، مقدمہ وفاقی پولیس کے افسرعدیل شوکت کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

فرخ حبیب کا ردعمل

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ سینہ زوری پر شکریہ ادا کرتا ہوں، آج پتا چلا مسلح پولیس والوں سے تنہا شخص ڈکیتی بھی کر سکتا ہے، اس قسم کے جعلی مقدمات بنا کر یہ ہماری آواز کو دبانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوٹیج موجود ہے کہ میں نے کس گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تھی، میں نے تو پولیس کی گاڑی کو بھی نہیں روکا تھا، ایک بغیر نمبر پلیٹ والی ویگو گاڑی کو روکا تھا جس میں فواد چوہدری تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس گاڑی کو بھی اس لیے روکا کہ عدالت طلب کر رہی ہے فواد کو کہاں لے جا رہے ہیں، میں نے پولیس پر نہیں بعد میں پولیس نے مجھ پر فائرنگ کی ہے۔

Comments

- Advertisement -