کراچی : صدرالیکٹرونک مارکیٹ کی سالگرہ پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا تاہم ایف آئی آر میں الیکٹرونک مارکیٹ کے صدر کو نامزد نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں الیکٹرانک مارکیٹ ایسوسی ایشن کے رہنما کی سالگرہ پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا
اے ایس آئی پرویز کی مدعیت میں ہوائی فائرنگ کی دفعہ کے تحت پریڈی تھانے میں 4 نامزدسمیت 8ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ عبداللہ ہارون روڈپرگشت پرتھا،ہوائی فائرنگ اورآتش بازی کی آوازیں آئیں، موقع پر پہنچا تو لوگ موجود تھے اور چند افراد ہوائی فائرنگ کررہےتھے۔
متن میں کہنا تھا کہ الیکٹرونک مارکیٹ ایسوسی ایشن کےصدر رضوان عرفان کی سالگرہ کاپتاچلا، فائرنگ کرنے والے پولیس موبائل دیکھ کر فرارہوگئے، فائرنگ کرنے والوں میں توصیف، جعفراولیا،شفاعت ، کامران ودیگرافراد شامل ہیں۔
ہوائی فائرنگ کرنےوالوں کو تلاش کرتےرہےلیکن نہیں ملے تاہم ایف آئی آر میں الیکٹرونک مارکیٹ کے صدر کو نامزد نہیں کیا گیا۔
گذشتہ روز کراچی کے علاقے صدرموبائل مارکیٹ کےقریب مرکزی شاہراہ پر آتشبازی اور ہوائی فائرنگ ہوئی تھی، آتش بازی الیکٹرانک مارکیٹ ایسوسی ایشن کے رہنما کی سالگرہ پرکی گئی تھی۔
سڑک پر کھلے عام قانون کی خلاف ورزی سے مارکیٹ میں بھگدڑمچ گئی اور لوگ گاڑیاں چھوڑکر بھاگ کھڑے ہوئے، جس کے باعث سڑک پرٹریفک جام ہوگیا اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
بعد ازاں ڈی آئی جی سیداسد رضا نے آتش بازی اورہوائی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے پریڈی پولیس کوہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتارکرنے کا حکم دے دیا تھا۔