تازہ ترین

گزشتہ روز گرفتار کیے گئے مظاہرین کے خلاف قانونی کارروائی شروع

راولپنڈی: گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کر کے ان پر مقدمات قائم کردیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے مظاہرین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی، مجموعی طور پر 190 کارکنان کو گرفتار کیا گیا تھا جن پر 4 مقدمات درج کرلیے گئے۔

مقدمے میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں فیاض چوہان، راجہ ناصر محفوظ،راجہ یونس سمیت اور دیگر مقامی رہنما نامزد کیے گئے ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان پولیس پر پتھراؤ، اہلکاروں پر تشدد اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ میں ملوث ہیں، ملزمان نے پیٹرول بم اٹھا رکھے تھے جبکہ ملزمان نے پولیس اہلکاروں کی وردیاں بھی پھاڑیں۔

مقدمات تھانہ صادق آباد، وارث خان، سول لائنز اور تھانہ سٹی میں درج کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

Comments

- Advertisement -