کراچی : شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ایک مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات کی گئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے۔
کراچی کے علاقے کورنگی کی سڑک پر فلمی طرز پر کیش وین لوٹنے کی کوشش کی گئی لیکن ڈاکو پیسے لوٹنے میں ناکام رہے، تاہم اس واردات میں ایک کیشیئر کی جان چلی گئی۔
واردات کیسے ناکام ہوئی؟ اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی گارڈز نے جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے کئی منٹ تک ڈاکوؤں کا بے جگری سے مقابلہ کیا۔
فوٹیج کے مطابق کورنگی کی سڑک پر جہاں تعمیراتی کام جاری ہے، ایک سفید رنگ کی کیش وین کو سفید کار نے چلتی سڑک پر اس کے سامنے فلمی انداز میں آ کر روک لیا، ڈاکوؤں کو جدید ہتھیاروں کے ساتھ کار سے اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں ڈاکوؤں اور سیکیورٹی گارڈز میں مقابلہ ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج کے مطابق ایک سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہو کر سڑک پر گیا، کیش وین کے قریب دوسرا سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہو کر گر پڑا۔
تین منٹ سے زائد رہنے والی اس کشمکش کے دوران فائرنگ سے وین میں بیٹھا کیشیئر گولی لگنے سے موقع ہی پر دم توڑ گیا، تاہم ڈاکو وین کے اندر موجود ہیوی تجوری نکالنے میں ناکام رہے۔
سیکیورٹی گارڈز کی مزاحمت کے بعد ناکامی پر ملزمان کار میں بیٹھے اور فرار ہو گئے۔