بدھ, نومبر 20, 2024
اشتہار

سری لنکا: ملک کے سب سے بڑے جوا خانے کا مالک وزیر سرمایہ کاری مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

کولمبو: سری لنکا میں سب سے بڑے جوا خانے کے مالک کو وزیر سرمایہ کاری مقرر کردیا گیا ہے، مذکورہ شخصیت کسینو کنگ کے نام سے جانی جاتی ہے اور انہیں ملک کی کرپٹ ترین کاروباری شخصت قرار دیا جاچکا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق معاشی بحران سے دو چار سری لنکا کے صدر نے ملک کے سب سے بڑے جوا خانے کے مالک کو وزیر سرمایہ کاری تعینات کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

جوا خانے کے 54 سالہ مالک دھمیکا پریرا سری لنکا میں کسینو کنگ کے نام سے جانے جاتے ہیں، صدر گوتابایا راجا پکسے نے جمعے کو وزیر سرمایہ کاری دھمیکا پریرا سے عہدے کا حلف لیا۔

- Advertisement -

دھمیکا پریرا کو صدر راجا پکسے کے چھوٹے بھائی کی جگہ نیا وزیر نامزد کیا گیا ہے، صدر کے بھائی نے 2 ہفتے قبل معاشی بدانتظامی کے الزامات کی بنیاد پر پارلیمان سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

صدر کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نئے وزیر کسینو کنگ کو ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کی لاگت کے پورٹ سٹی نامی منصوبے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو کولمبو میں ٹیکس فری علاقہ ہوگا۔

امریکا نے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ پورٹ سٹی منی لانڈرنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے لیے ایک محفوظ ٹھکانہ بھی ہو سکتا ہے۔

مغربی ممالک اور ہمسایہ ملک بھارت کافی عرصے سے اپنے خدشات کا اظہار کر رہا ہے کہ سری لنکا میں چین کا اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے۔

وزیر سرمایہ کاری پریرا وزیراعظم رایئل وکرما سنگھے کی کابینہ کا حصہ ہوں گے جو سال 2015 میں کسینو کنگ کو ملک کی کرپٹ ترین کاروباری شخصت قرار دے چکے ہیں۔

دھمیکا پریرا نے اپنی ویب سائٹ پر دعویٰ کیا ہے کہ وہ مجموعی ملکی پیداوار کو موجودہ سطح 3 ہزار 682 ڈالر سے 12 ہزار ڈالر پر لے جائیں گے۔

انہوں نے معاشی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 50 ہزار غیر ملکیوں کو 10 سالہ ویزہ دے کر زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے۔ یہ اسکیم اپریل میں ان غیر ملکیوں کے لیے شروع کی گئی تھی جو سری لنکا کے مقامی بینک میں ایک لاکھ ڈالر جمع کروانے کے لیے تیار ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں