آپ نے ہانگ کانگ کے خرگوش کیفے کے بارے میں تو ضرور سنا ہوگا جہاں ایک کیفے میں خرگوشوں کو رکھا گیا تھا۔ یہاں خرگوشوں سے محبت کرنے والے افراد آتے ہیں، انہیں کھلاتے پلاتے ہیں اور انہیں پیار کرتے ہیں۔
اب روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں بھی ایسا ہی کیفے کھولا گیا جہاں بلیاں موجود ہیں۔
کیٹ ری پبلک نامی اس کیفے میں سیاح اپنی مرضی کی ادائیگی کرنے کے لیے آزاد ہیں۔ اس کیفے میں زیادہ تر ان بلیوں کو رکھا گیا ہے جو سڑکوں پر جابجا آوارہ پھرتی نظر آتی ہیں۔
ان بلیوں کو یہاں لا کر انہیں صاف ستھرا کیا جاتا ہے اور اس کے بعد ان کا بھرپور خیال رکھا جاتا ہے۔
فی الوقت اس کیفے میں 40 بلیاں موجود ہیں۔
کیفے کے منتظمین کو امید ہے کہ بہت جلد یہ کیفے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن جائے گا۔