کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں جمیعت علمائے اسلام کے عہدے دار پر فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 14 مئی کو کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں نا معلوم ملزمان نے جے یو آئی کے مقامی رہنما مولانا گل رفیق حسن زئی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج کے مطابق 2 ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے، ایک ملزم نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا جب کہ دوسرے نے منہ پر رومال لپیٹا ہوا تھا۔
کراچی میں جے یو آئی کے رہنما فائرنگ سے شدید زخمی
منہ پر رومال باندھنے والے ملزم نے 30 بور پستول سے مولانا گل حسن زئی پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے، پولیس تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ جس اسلحے سے فائرنگ کی گئی وہ پہلے کسی واردات میں استعمال نہیں ہوا، اس قاتلانہ حملے میں جے یو آئی رہنما پر 2 گولیاں چلائی گئی تھیں، ایک دیوار جب کہ دوسری ان کے جبڑے پر لگی تھی۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ مولانا رفیق حسن زئی پر حملے کی کئی زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، کچھ عرصے قبل مسجد اور مدرسے کے پیش امام کو شکایت پر نکالا گیا تھا، مولانا رفیق آج کل اس مدرسے کی نظامت کر رہے تھے، تحقیقاتی ذرایع کا کہنا تھا کہ حتمی تحقیقات کے بعد حملے کے چونکا دینے والے انکشافات متوقع ہیں۔