منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

بھارتی گلوکار کے قتل سے چند لمحوں قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر

اشتہار

حیرت انگیز

گزشتہ روز بھارتی پنجاب میں قتل ہونے والے معروف گلوکار سدھو موسے والا کی قتل سے چند لمحوں قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، پولیس نے فوٹیج کی چھان بین شروع کردی۔

پنجاب کے مقبول گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد ایک سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں دو کاریں سدھو موسے والا کی کار کا پیچھا کرتی نظر آرہی ہیں، یہ ویڈیو واقعہ سے عین پہلے کی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موسے والا سیاہ رنگ کی کار میں ہیں اور ان کی گاڑی کے بالکل پیچھے 2 کاریں ہیں۔

پولیس اب ان دونوں کاروں کو تلاش کر رہی ہے، ہریانہ اور دیگر ریاستوں کی پولیس کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ پولیس دیگر سی سی ٹی وی فوٹیجز کی بھی چھان بین کر رہی ہے۔

پنجاب کے ڈی جی پی وی کے بھاورا نے کہا ہے کہ موسے والا کا قتل گروہوں کی باہمی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قتل کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

ڈی جی پی کا کہنا تھا کہ سدھو موسے والا کے پاس ایک پرائیوٹ بلٹ پروف گاڑی تھی، لیکن وہ اسے واقعہ کے وقت اپنے ساتھ نہیں لے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے گھر سے نکلنے کے بعد، موسے والا ضلع مانسا میں دو دیگر افراد کے ساتھ اپنی گاڑی خود چلا رہے تھے، ان کی گاڑی کے آگے اور پیچھے سے 2، 2 گاڑیاں آئیں اور ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ جب انہیں اسپتال لے جایا گیا تو وہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز قتل ہونے والے شوبھدیپ سنگھ سدھو، جنہیں پیار سے موسے والا کہا جاتا ہے، 17 جون 1993 کو پیدا ہوئے۔

وہ موسیٰ والا گاؤں کے رہنے والے تھے، لوگ شوبھدیپ کو ان کی گلوکاری کی وجہ سے جانتے تھے۔ موسے والا نے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی تھی اور ان کی والدہ گاؤں کی سرپنچ تھیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں