کرپٹو کرنسی مارکیٹ کے ملازمین ان دنوں سخت مشکل میں آئے ہوئے ہیں، کرپٹو لینڈنگ پلیٹ فارم ’سلسیئس‘ نے بھی 150 ملازمین کو فارغ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی کرپٹو مارکیٹ اس وقت بد ترین بحران سے گزر رہی ہے، جس کی وجہ سے کرپٹو پلیٹ فارمز ملازمین کا بوجھ کم کرنے لگے ہیں، اب امریکی اسرائیلی کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم سلسیئس نے بھی ڈیڑھ سو ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے۔
گزشتہ ماہ سیلسیئس نے مارکیٹ کی خراب حالت کے پیش نظر کرپٹو کرنسی کی سبھی نکاسی پر بھی روک لگا دی تھی، فارغ کیے گئے ملازمین سیلسیئس کی افرادی قوت کا ایک چوتھائی ہے۔
سلسیئس نے گزشتہ سال کے آخر میں 75 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ جمع کی تھی، کمپنی کا ویلویشن اس وقت تین ارب ڈالر تھا، نیز کمپنی نے اس سال مئی تک 8.2 ارب ڈالر قیمت کا قرض پروسیس کیا تھا اور اس کے پاس 11.8 ارب ڈالر کی ملکیت تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کرپٹو کرنسی ایکسچینج والڈ نے بھی اپنے تقریباً 30 فی صد ملازمین کی چھانٹی کا فیصلہ کیا تھا، سنگاپور میں واقع کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائبٹ نے 2000 ملازمین کی چھانٹی کی ہے، اسی طرح کائنبیس، جیمنی، کرپٹو ڈاٹ کام اور دیگر کرپٹو ایکسچینجز نے بھی ملازمین کی چھانٹی کے اعلانات کیے ہیں۔