کراچی : پاکستان سمیت دنیا بھر میں شوال کے چاند دیکھنے کیلئے اجلاس آج ہوگا، برطانیہ، یورپ اورامریکا میں کل عید ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید کا چاند دیکھنے کی تیاریاں جاری ہے، پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا۔
اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کے اراکین شریک ہوں گے۔
چاروں صوبائی رویت ہلال کمیٹیوں اورملک بھرسے ملنے والی شہادتوں کی روشنی میں شوال کا چاند ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش رات پونے ایک بجے ہوچکی ہے، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر19گھنٹے سے زائد ہوگی، غروب آفتاب کے بعد 30 سے 40 منٹ چاند دیکھنے کا وقت ہوگا، ساحلی پٹی میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان زیادہ ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات اورسعودی عرب میں عید کا چاند دیکھنے کے لئے اجلاس آج ہوگا جبکہ بھارت ، برطانیہ، امریکا ،یورپ اور کینیڈا میں بھی آج چاند دیکھا جائے گا۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، یورپ اورامریکا میں کل عید ہونے کا امکان ہے۔
دنیا بھر میں مسلمان عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں ہیں، ایک طرف شاپنگ تو دوسری جانب عید کی مناسبت سے روائتی میٹھے بھی تیار کئے جارہے ہیں۔