اشتہار

عجیب بات ہے جمہوریت کو اس وقت خطرہ ہوتا ہے جب کسی بڑے پر ہاتھ ڈالتے ہیں: فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، عجیب بات ہے جمہوریت کو اس وقت خطرہ ہوتا ہے جب کسی بڑے پر ہاتھ ڈالتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عاصمہ جہانگیر کی یاد میں ہونے والی تقریب میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاصمہ جہانگیر نے جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وسائل پر غریب عوام کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا ایون فیلڈ پراپرٹیز والوں کا ہے۔

- Advertisement -

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، قانون کی بالادستی ہوگی۔ گاؤں دیہات میں رہنے والوں کا بھی ملکی وسائل پر برابر کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت آپ لوگ مڈل کلاس کا انقلاب دیکھ رہے ہیں، ’5 سال اے این پی کے صدر دبئی رہے، یہاں دھماکے ہوتے رہے وہ نہیں آئے، عجیب ہے جمہوریت کو اس وقت خطرہ ہوتا ہے جب کسی بڑے پر ہاتھ ڈالتے ہیں‘۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر کی حکومت میں 6 ہزار قرضہ تھا جمہوریت میں 13 ہزار تک پہنچا دیا گیا، پختونخواہ میں جو تبدیلی لے کر آئے انشا اللہ ملک بھر میں اس سے زیادہ تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنائیں گے، افسوس کی بات ہے سیاستدانوں پر اعتماد کی کمی ہے اور اس کے ذمہ دار خود سیاستدان ہیں۔ ’آئی ایم ایف کے پاس گئے مانتا ہوں لیکن کیوں گئے یہ کسی نے نہیں دیکھا‘۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے قرارداد جمع کروائی ہے، پارلیمانی کمیشن معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کا تعین کرے، کمیشن تعین کر کے رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرے۔

انہوں نے کہا کہ قرضے کیوں لیے گئے اور کس نے لیے ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہیئے، ملک کو لوٹنے والوں نے پاکستان کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے۔ ’کسی چور یا ڈاکو کو نہیں چھوڑیں گے، ہر کرپٹ شخص کا احتساب ہوگا‘۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں کلین اینڈ گرین پاکستان کی مہم کو کامیاب بنانا ہے، جب حکومت کی مدت ختم ہوگی تو مشکلات سے نہیں گزرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ شفاف انتخابات ہوئے اسی لیے ن لیگ کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے فارورڈ بلاک بن رہے ہیں، گھر لوٹنے والے ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑیں گے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ اسد عمر اور شہریار آفریدی سے متعلق خبر پر معافی مانگی جا چکی ہے، ڈان اخبار اور جنگ اخبار نے خبر سے متعلق معافی مانگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ تو کہتے تھے عمران خان وزیر اعظم نہیں بن سکتا، ان سے پوچھیں عمران خان وزیر اعظم بن گئے اب کیا کہیں گے۔ منتخب نمائندوں کا احترام کرنا ضروری ہے۔ پنجاب اسمبلی میں بھی ن لیگ کا فارورڈ بلاک بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت پہلے کہا تھا ن لیگ کو دوسری قیادت آگے لانی چاہیئے، پارٹی سیاست پر نہیں آئے فی الحال ہماری توجہ حکومت پر ہے، ملک کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، سیاست کے لیے بہت وقت ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں