لاہور : مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بتایا ہے کہ میں نے مولانا فضل الرحمان کے کان میں کہا تھا کہ اگر آپ مہنگائی اور بے روزگاری کیخلاف دھرنا دیں گے تو ہم بھی ساتھ دیں گے۔
اس بات کا اںکشاف انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری شجاعت نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ فضل الرحمان کچھ اداروں کی بات کرتے سب کی بات نہ کرتے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور شہبازشریف بھی مولانا کے دھرنے سے پیچھے ہٹ گئے تھے، مولانا سے ملاقات کے دوران میں نے ان کے کان میں کہا تھا کہ مہنگائی اور بےروزگاری کیخلاف دھرنا دیں تو ہم بھی ساتھ دیں گے،
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کو نوازشریف جیسے مقدمات میں مصروف کردیا گیا ہے جبکہ ان کو ملکی صورتحال پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
عمران خان کے پاس ملکی حالات بہتر کرنے کابہترین موقع ہے، وزیر اعظم ملک پر توجہ دیں ہم ان کا بھرپورساتھ دیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے وزیراعظم کو طاقت سے نوازا ہے اس موقع کا فائدہ اٹھا کر وہ اپنے فیصلے خود کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے موقع سے فائدہ اٹھایا تو ضرور کامیاب ہوں گے، چوہدری شجاعت حسین نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ نواز شریف کی صحت خراب ہے انہیں بیرون ملک جانے دیں۔