ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کیمپ جیل میں پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی جس کا احوال سامنے آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے آج دوبارہ کیمپ جیل میں پی ٹی آئی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی۔ اس دوران چوہدری سالک اور چوہدری وجاہت بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت نے پرویز الہٰی کی خیریت دریافت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کے موجودہ سیاسی حالات سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات سے قبل ڈاکٹروں کی ٹیم پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے کیمپ جیل آکر چوہدری پرویز الہٰی کا طبی معائنہ کیا۔
اس ملاقات کا دونوں رہنماؤں کے درمیان کیا بات ہوئی اس کا احوال اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں چوہدری برادران نے پرویز الہٰی کو خاندان میں واپسی کا مشورہ دیا تاہم پی ٹی آئی صدر نے دوبارہ اپنے موقف کو دہرایا۔
ذرائع کے مطابق چوہدری برادران نے ان سے کہا کہ وہ اس معاملے پر مزید سوچ لیں آپ سے پھر ملاقات ہوگی۔ دوبارہ سوچنے کے مشورے پر پرویز الہٰی خاموش رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران اور پرویز الہٰی کے درمیان کچھ دن بعد ایک اور ملاقات کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل بھی چوہدری شجاعت نے پرویز الہٰی سے جیل جاکر ملاقات کی تھی اور انہیں پی ٹی آئی چھوڑنے اور خاندان میں واپسی کا مشورہ دیا تھا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے اس وقت کہا تھا کہ انہوں نے فی الحال پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔