اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں کسٹمز کا کردار ایک سہولت کار اور ریگولیٹر کا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کسٹمز کے دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ پاکستان کسٹمز نے معاشی، ماحولیاتی تحفظ اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کسٹمز نے دیگر تجارتی ممالک کے اداروں سے مل کر معاشی ترقی میں کردار ادا کیا، کسٹمز نے وی بوک گلو اور سنگل ونڈو جیسے نئے اقدامات اٹھائے ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تجارت، سہولت کاری کو عالمی معیار کے مطابق فروغ دینے میں مدد ملی ہے، کسٹمز نے پیشگی معلومات کا نظام، عالمی سفری نظام کو متعارف کرایا اور اس پر عملدرآمد کیا ہے۔
شبر زیدی نے کہا کہ کسٹمز کی افادیت کو عالمی بہترین اقدامات کو اپنا کر مزید بہتر کیا جاسکتا ہے، چیئرمین ایف بی آر نے کسٹمز کے افسران و اہلکاروں کو اہم دن پر خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ 26 جنوری کو پاکستان کسٹمز کا عالمی دن انتہائی پروقار انداز میں ہر سال کی طرح اس سال بھی منا یا گیا ۔تقریب کا آغاز صبح 9بجکر 30منٹ پر پرچم کشائی سے کیا گیا تھا۔