لاہور: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی کرکٹ ٹیم کو مسلسل گیارہویں ٹی 20 سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے ثابت کیا کہ وہ ٹی ٹوینٹی میں نمبر ون رینکنگ رکھنے کی مستحق ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم کی مسلسل گیارہویں سیریز میں کامیابی پر کہا ہے کہ ٹی 20 فارمیٹ میں کامیابیاں حاصل کرنے پر بہت خوش ہوں، سرفراز احمد، کوچ مکی آرتھر، ٹیم زبردست مبارک باد کی مستحق ہے۔
احسان مانی نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستانی ٹیم مستقبل میں بھی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی، کپتان، کوچنگ اسٹاف، کھلاڑیوں سے تعاون جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کی کامیابی پر سابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی 100 فی صد ٹی 20 ٹیم نے 100 فی صد نتائج دئیے ہیں، سرفراز، مکی آرتھر تمام کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شاہد خان آفریدی نے کہا کہ خصوصی تعریف شاہین آفریدی کے لیے، اچھی دریافت ہیں، پاکستان کو تم پر فخر ہے ایسے ہی اچھا کھیلتے رہنا۔
مزید پڑھیں: لگاتار گیارہویں کرکٹ سیریز جیتنا بڑا اعزاز ہے، وزیراعظم عمران خان
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کارکردگی دکھانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قومی کرکٹرز نے میچز میں بہترین کھیل پیش کیا، لگاتار گیارہویں سیریز جیتنا بڑا اعزاز ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دی اور شاہینوں نے سرفراز احمد کی قیادت میں مسلسل گیارہویں سیریز اپنے نام کرلی تھی۔