اسلام آباد : چیئرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ ایف آئی اے کے ونگ ایس آئی یو میں درج کیاگیا، وازارت داخلہ نے جلد گرفتاری کا عندیہ دے دیا، ایف آئی آر درج کرنے کا حکم سپریم کورٹ نے دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کوبچانے کی کوشش چیئرمین ایس ای سی پی کومہنگی پڑگئی، چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرانے پر ایف آئی اے آئی ایس یو ونگ میں سپریم کورٹ کے حکم پر ظفر حجازی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں ایس ای سی پی میں چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں تبدیلی کو ثابت کیاتھا، ایف آئی اے نے رپورٹ میں ریکارڈ میں ہیر پھیر کا ذمہ دار ظفر حجازی کو قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کاظفرحجازی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیاہے، ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ظفرحجازی کیخلاف عدالتی احکامات کے مطابق ایف آئی آر درج کی گئی ہے، مقدمے کے اندراج کے بعد چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو آج کسی بھی وقت گرفتار کرلیا جائےگا۔
قبل ازیں جسٹس اعجازافضل خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے5رکنی خصوصی بینچ نے پاناما عملدرآمد کیس کیسماعت کی۔ سماعت کےآغاز میں جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نےرپورٹ پیش کی۔
مزید پڑھیں : ایس ای سی پی ریکارڈ میں تبدیلی ثابت، چیئرمین قصوروارقرار
جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ یہ بھی سامنے آناچاہئیے کہ کس کے کہنے پر ریکارڈ میں ٹیمپرنگ ہوئی، جس پر چیئرمین ایس ای سی پی کے وکیل نے جواب دیا کہ ٹیمپرنگ جے آئی ٹی سےدس ماہ پہلےکی ہے۔