اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی کاوشیں رنگ لے آئیں، انھوں نے ناراض پارلیمانی لیڈر یار محمد رند کو منا لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر اور صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں وہ یار محمد رند کو منانے میں کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار یار محمد رند سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں اپنے بیٹے کی دست برداری کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ سردار یار محمد رند نے سینیٹ ٹکٹس پر بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال سمیت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو سینیٹ کے لیے ٹکٹ دیا گیا جن کو انھوں نے پارٹی میں کبھی نہیں دیکھا۔
انھوں نے کہا تھا اسلام آباد میں پارٹی کی جانب سے جو پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی اس میں بلوچستان کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔
سینیٹ الیکشن : شاہ زین بگٹی کا ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے کا اعلان
ادھر بی اے پی کی سینیٹ امیدوار ستارہ ایاز بھی نشست سے دست بردار ہو گئی ہیں، ستارہ ایاز نے آج میڈیا سے گفتگو میں کہا میں پنی مرضی سے دست بردار ہوئی ہوں، بی اے پی پارٹی کا حصہ ہوں اور رہوں گی، دست بردار ہو کر اپنی جماعت کے افراد کو موقع دینا چاہتی ہوں۔
ستارہ ایاز بلوچستان عوامی پارٹی کی سینیٹ کی جنرل نشست پر امیدوار تھیں، انھیں بلوچستان اور بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق نہ ہونے پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔