چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی ٹیم کے اندر جب کہ ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان اختلافات کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہونے میں دو روز باقی ہیں۔ بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے گی اور اپنی مہم کا آغاز جمعرات 20 فروری کو دبئی میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے کرے گی۔
تاہم میگا ایونٹ سے قبل جہاں بھارتی ٹیم کو اپنے اہم کھلاڑیوں کی انجری کا سامنا رہا۔ وہیں اب ٹیم کے اندر اختلافات اور ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی میں تلخ کلامی کی خبریں میڈیا کی زینت بنی ہیں۔
گزشتہ روز بھارتی ٹیم جب چیمپئنز ٹرافی کے لیے دبئی پہنچی تو بی سی سی آئی کی ہدایت کے مطابق تمام کھلاڑیوں نے ایک ہی بس میں سفر کرنا تھا۔ تاہم وکٹ کیپر بیٹر کے ایل راہول نے باقی ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کیا اور الگ گاڑی میں ٹیم ہوٹل پہنچے۔
بھارتی ٹیم جب ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچی تو وہاں پہلے سے موجود بلیو شرٹس ٹیم کے شائقین کے ایل راہول کو ٹیم کے ساتھ نہ دیکھ کر حیران رہ گئے جب کہ وکٹ کیپر بیٹر کچھ دیر بعد الگ گاڑی سے ہوٹل پہنچے۔
یہ منظر دیکھ کر شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں میں اختلافات نظر آ رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور سلیکٹرز کے درمیان شریاس ائیر اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے دوسرے وکٹ کیپر کے معاملے پر تلخ کلامی کا انکشاف ہوا ہے۔
یہ بھانڈا بھارتی میڈیا نے پھوڑا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اجیت اگرکار کی سربراہی میں قائم بھارتی سلیکشن پینل اور ہیڈ کوچ کی سوچ میں مطابقت نہیں پائی جاتی۔
رپورٹ کے مطابق شریاس ائیر کو برقرار رکھے جانے اور وکٹ کیپنگ کے آپشنز پر ان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش، 23 فروری کو روایتی حریف پاکستان اور 27 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
ویڈیو: چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارت کا ایک اور اہم کھلاڑی زخمی