چیمپئنز ٹرافی گروپ بی میں آج انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان اہم میچ کھیلا جا رہا ہے ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔
پاکستان کی میزبانی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جاری ہے۔ آج گروپ بی میں انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ کھیلا جا رہا ہے جو اہمیت کے اعتبار سے ورچوئل ناک آؤٹ میچ بن گیا ہے۔ جو بھی ٹیم یہ میچ ہارے گی وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے۔
گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، تاہم گروپ بی میں گزشتہ روز آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے اس گروپ میں دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے اب تک تین تین پوائنٹس ہیں اور ان کا ایک ایک میچ باقی ہے۔ انگلینڈ اور افغانستان ٹیمیں اپنے ابتدائی میچ ہار چکی ہیں اور کوئی پوائنٹ نہیں رکھتیں۔
انگلش ٹیم ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل بنا کر بھی آسٹریلیا کے خلاف دفاع نہیں کر سکی تھی۔ دوسری جانب افغانستان کو بھی جنوبی افریقہ کیخلاف 107 رنز سے کراری شکست ملی تھی۔۔
آج کا میچ جیتنے والی دو پوائنٹ کے ساتھ سیمی فائنل میں جانے کے امکانات برقرار رکھے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم خالی ہاتھ وطن واپس لوٹے گی۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں انگلینڈ آگے ہے۔ اب تک دونوں ٹیموں نے تین میچز کھیلے اور دو میں انگلش ٹیم فتح یاب رہی، تاہم افغانستان نے گزشتہ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں انگلینڈ کو ہرایا تھا۔
افغانستان کے کپتان افغان کپتان شاہدی ایک بار پھر ورلڈ کپ 2023 کی تاریخ دہرا کر دوبارہ اپ سیٹ کرنے کا عزم رکھتے ہیں جب کہ انگلینڈ سابقہ شکست کا بدلہ لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔