صرف چار ماہ کے مختصر عرصہ میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے جدید طرز پر اسٹیڈیمز کی تعمیر نو پر آئی سی سی چیئرمین جیف ایلڈائس بھی حیران رہ گئے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی رونمائی تقریب گزشتہ روز شاہی قلعہ لاہور کے حضوری باغ میں ہوئی۔ تقریب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکتو آفیسر جیف ایلڈائس نے بھی شرکت کی اور اپنے خطاب میں 117 روز میں قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم لاہور کی جدید انداز میں تکمیل پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اس کو پی سی بی کا بڑا کارنامہ قرار دیا۔
آئی سی سی چیف نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو جدید صورت میں دیکھ کر خوشی ہوئی، قذافی اسٹیڈیم کی 117 روز میں تکمیل ایک بڑا کارنامہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے پاس کرکٹ سے اپنے جنون کو دکھانے کا سنہری موقع ہے، میں نے اوول میں پاکستان ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی جیتتے دیکھا ہے۔
جیف ایلڈائس نے یہ بھی کہا کہ اگلے دو ہفتے شائقین کو پاکستان میں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو جیف آلڈر ڈائس، پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین محسن نقوی سمیت بورڈ اعلیٰ حکام، حکومتی اور سیاسی شخصیات سمیت سابق کرکٹرز بھی تقریب میں موجود تھے۔
چیمپئنز ٹرافی کے برانڈ ایمبسیڈر نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی، سابق جنوبی افریقی بیٹر ڈومینی بھی تقریب میں موجود تھے۔
اس تقریب میں چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت اس وقت کے اسکواڈ میں شامل محمد حفیظ، جنید خان، محمد عامر، اظہر علی، حارث سہیل، حسن علی نے بھی خصوصی شرکت کی۔