جمعرات, فروری 20, 2025
اشتہار

چیمپئنز ٹرافی میں کون سے پانچ بلے باز دھوم مچا سکتے ہیں؟ آئی سی سی کی پیشگوئی

اشتہار

حیرت انگیز

چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے 48 گھنٹے قبل آئی سی سی نے پانچ ایسے بلے بازوں کی فہرست جاری کی ہے جو میگا ایونٹ میں دھوم مچا سکتے ہیں۔

کرکٹ کھیل ہے چوکوں چھکوں کا جہاں شائقین کرکٹ بولر کے وکٹ لینے سے زیادہ بیٹر کے چوکے چھکے لگانے پر پرجوش ہوتے ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو رہا ہے۔

میگا ایونٹ کے لیے جہاں سابق کرکٹرز کی جانب سے کئی پیشگوئیاں سامنے آ رہی ہیں۔ وہیں کھیلوں کی عالمی تنظیم آئی سی سی نے بھی اس حوالے سے پانچ ایسے بلے بازوں کی فہرست جاری کی ہے جو اپنی شاندار بیٹنگ سے شائقین کے دلوں کو لبھا سکتے اور ٹورنامنٹ میں رنز کا انبار لگا کر دھوم مچا سکتے ہیں۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں یہ پانچ بلے باز اپنی شاندار بیٹنگ سے سب کی توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں۔

ان بلے بازوں میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا ایک ایک بیٹر شامل ہے۔

فخر زمان (پاکستان):

فخر زمان پاکستان کے جارح مزاج اوپنر ہیں جو چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں اپنی فتح گر سنچری کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔

پاکستان کے بہترین ون ڈے اوپنرز میں شمار ہونے والے فخر زمان اپنی دھواں دار بیٹنگ سے کسی بھی لمحے میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس کا اظہار وہ کئی بار کر چکے ہیں۔

2017 کے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کے خلاف انک ی 114 رنز کی اننگز شائقین کے ذہنوں میں آج بھی محفوظ ہے۔

فخر زمان 85 میچز کھیل کر 3627 رنز بنا چکے ہیں اور ڈبل سنچری بنانے والے واحد پاکستانی بیٹر ہیں۔ انہوں نے 11 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں اور زیادہ سے زیادہ اسکور 210 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

شریاس ایر (بھارت):

بھارت کے مڈل آرڈر بلے باز شریاس ائیر نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ روہت شرما اور ویرات کوہلی کی حالیہ ناقص پرفارمنس کے دوران ان کی موجودگی بھارتی بیٹنگ لائن کیلئے اہم ہوگی۔

شریاس نے 65 میچز کھیل کر 5 سنچریوں اور 20 نصف سنچریوں کی مدد سے 2602 رنز بنا رکھے ہیں۔

ہینرک کلاسن (جنوبی افریقا):

جنوبی افریقہ کے پاور ہٹر ہینرک کلاسن اپنی برق رفتار بیٹنگ کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ وہ تیز ترین اسٹرائیک ریٹ رکھنے والے بیٹرز میں سے ایک ہیں اور اسپنرز کو بہترین انداز میں کھیلنے کی مہارت رکھتے ہیں۔

ہینرک کلاسن نے 58 میچوں میں چار سنچریوں اور 10 نصف سنچریوں کی مدد سے 2074 رنز بنائے ہوئے ہیں۔

ڈیرل مچل (نیوزی لینڈ):

نیوزی لینڈ ٹیم اس وقت بھرپور فارم میں ہے اور چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان میں سہ فریقی سیریز جیت کر اس کا اظہار بھی کر چکی ہے۔

کیوی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز ڈیرل مچل ایشیائی کنڈیشنز میں شاندار کارکردگی کا ماضی میں بھی مظاہرہ کر چکے ہیں اور آئی سی سی کو ان سے میگا ایونٹ میں بھی سابقہ کارکردگی کی توقع ہے۔

ڈیرل مچل نے ورلڈ کپ 2023 میں 552 رنز بنائے اور حالیہ ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان کے خلاف دو نصف سنچریاں اسکور کیں۔

45 میچز کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے ڈیرل مچل چھ سنچریوں کے ساتھ 1765 رنز بنائے ہوئے ہیں۔

بین ڈکٹ (انگلینڈ):

انگلینڈ کی اچھی خبر ہے کہ بین ڈکٹ چیمپئنز ٹرافی کھیل رہے ہیں۔ انگلش اوپنر اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ فل سالٹ کے ساتھ خطرناک اوپننگ جوڑی بناتے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کی کامیابی کے لیے بین ڈکٹ کا لمبی اننگز کھیلنا کلیدی ہوگا۔

بین ڈکٹ نے ابھی صرف 19 میچز کھیلے ہیں تاہم دو نصف سنچریوں کے ساتھ 46.16 کی بہترین اوسط سے 831 رنز بنا رکھے ہیں۔

’’اگر پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا تو بھارت کو بھی چت کر دے گا‘‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں