پیر, مارچ 10, 2025
اشتہار

چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے صرف پایا، دیگر ٹیموں نے کیا نقصان اٹھایا؟

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت نے ریکارڈ تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی تاہم اس میگا ایونٹ میں بلیو شرٹس نے صرف پایا جب کہ دیگر ٹیموں نے نقصان اٹھایا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی میزبانی میں کھیلی گئی تاہم بھارت کے پاکستان نہ آنے کی ضد کی وجہ سے بلیو شرٹس کے تمام میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں شیڈول کیے گئے۔ اسی وجہ سے ایک سیمی فائنل اور پھر فائنل بھی دبئی کے میدان میں ہی کھیلا گیا۔

بھارت کو ایک ہی گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج دیے جانے پر اب تک مختلف ممالک کے سابق اور موجودہ کرکٹرز آوازیں اٹھا چکے ہیں اور اب اعداد وشمار بھی سامنے آ گئے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو کیسے نوازا گیا اور کس طرح دیگر ٹیموں کا نقصان ہوا۔

بھارت نے اپنے تمام میچز ایک ہی گراؤنڈ پر کھیلے اس لیے اس کو ایک کلو میٹر بھی فضائی سفر نہ کرنا پڑا۔ نہ سفر کی تھکان اور نہ ہی کنڈیشنز کے فرق سے اس کا واسطہ پڑا۔

دوسری جانب اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ تھکاوٹ کا شکار دوسری فائنلسٹ ٹیم نیوزی لینڈ ہوئی جس نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنے افتتاحی اور آخری میچ (فائنل) کھیلنے کے لیے مجموعی طور پر 7 ہزار 48 کلومیٹر کا سفر کیا۔

بلیک کیپس نے سفر کا آغاز کراچی میں پاکستان کے خلاف میچ سے کیا۔ پھر وہ بنگلہ دیش سے کھیلنے پنڈی گئی۔ وہاں سے بھارت کے خلاف راؤنڈ میچ کھیلنے کے لیے دبئی اڑان بھری۔ اس کے بعد سیمی فائنل کے لیے لاہور آئی اور پھر فائنل کے لیے دوبارہ دبئی کا رخ کیا۔

اس کے بعد دوسری ٹیم جس نے سب سے زیادہ سفر کیا وہ جنوبی افریقہ رہی۔ سیمی فائنل میں اپنے سفر کا اختتام کرنے والی پروٹیز ٹیم نے چار میچز کے لیے 5 فلائٹس لیں اور لگ بھگ 3268 کلومیٹر سفر طے کیا۔

جنوبی افریقہ ٹیم نے بہت زیادہ سفر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے تھکاوٹ کو شکست کی اہم وجہ قرار دیا۔

سب سے زیادہ سفر کرنے والی ٹیموں میں تیسری ٹیم میزبان پاکستان رہی۔ جس کا سفر گوکہ پہلے ہی راؤنڈ میں تمام ہوا مگر اس نے تین میچز کھیلنے کے لیے 3133 کلومیٹر سفر کیا۔

آسٹریلیا نے ابتدائی راؤنڈ پاکستان میں کھیلا اور سیمی فائنل کھیلنے دبئی گئی اور اس نے 2509 کلو میٹر سفر کیا۔

بنگلہ دیش نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنے سفر کا آغاز بھارت کے خلاف میچ میں دبئی سے کیا۔ بقیہ دو میچز کھیلنے پاکستان آئی اور یوں بنگال ٹائیگرز نے 1053 کلو میٹر سفر کیا۔

’’فائنل میں ٹاس کے بجائے بھارت سے پوچھ لیا جائے پہلے بیٹنگ کرنی ہے یا بولنگ‘‘ برطانوی اخبار کا گہرا طنز

افغانستان اور انگلینڈ دونوں ٹیمیں گروپ بی میں شامل تھیں اور پہلے ہی راؤنڈ میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوئیں۔ دونوں ٹیموں نے اپنے تمام میچز پاکستان کے شہروں میں کھیلے اور بالترتیب 1200 اور 1020 کلومیٹر سفر کیا۔

چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم نے بدترین ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں