چیمپئنز ٹرافی کی منتقلی پر جب بھارتی میڈیا کی ایک نہ سنی گئی تو وہ پاگل پن کی حد تک جا پہنچا اور کیوی بیٹر کے زخمی ہونے کو جواب بناتے ہوئے پھر یہی شور مچانے لگا۔
کھیل کے دوران کھلاڑی کا زخمی ہونا کوئی عجوبہ نہیں۔ ایسے کئی واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ گزشتہ روز سہ ملکی سیریز کے ابتدائی میچ میں پاکستانی بیٹنگ کے دوران نیوزی لینڈ کے اوپنر راچن رویندرا فیلڈنگ کرتے ہوئے گیند چہرے پر لگ جانے کے باعث شدید زخمی ہوگئے، لیکن اس معمول کے واقعہ کو بھارتی میڈیا نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے بھونڈے پروپیگنڈے میں تبدیل کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے تجزیاتی پروگراموں میں اینکرز اور مداحوں نے بے تُکا جواز پیش کرتے ہوئے کیوی بیٹر کے زخمی ہونے کی وجہ نئی ایل ای ڈی لائٹس کو قرار دے ڈالا۔
صرف اتنا ہی نہیں بلکہ بھارتی میڈیا اتنا آپے سے باہر ہوا اور اس پر پاگل پن کا ایسا دورہ سوار ہوا کہ اس معمولی واقعہ کو جواز بناتے ہوئے ایک بار پھر چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
اس سے قبل بھارتی بورڈ سیکیورٹی جواز بناتے ہوئے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر چکا اور بلیو شرٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گی۔
تاہم اس کے باوجود بھارتی میڈیا کبھی پاکستان میں اسٹیڈیمیز کے اپ گریڈیشن اور کبھی کچھ اور بہانے تراش کر یہ میگا ایونٹ پاکستان سے منتقل کرانے کی ناکام تگ ودو کرتا رہا اور جب اس کے تمام حربے ناکام ہوگئے تو اپنے مذموم مقصد کے لیے انتہائی بچکانہ اور بھونڈا جواز ڈھونڈ نکالا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے۔ گرین شرٹس میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہیں۔
ویڈیو: کیوی اوپنر راچن رویندرا گیند چہرے پر لگنے سے شدید زخمی